• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا قائم مقام افغان وزیرِ اعظم کو فون

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عبوری افغان حکومت کے قائم مقام وزیرِ اعظم کو ٹیلی فون کر کے افغانستان میں زلزلے کے باعث ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے زلزلے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔

قائم مقام افغان وزیرِ اعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ غلام خان اور انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کو افغان زخمیوں کے لیے کھول دیا ہے، آنے والے دنوں میں بھی پاکستان افغانستان کی مدد جاری رکھے گا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قائم مقام افغان وزیرِ اعظم کو مؤثر سرحدی انتظام کے ذریعے تجارت آسان بنانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

قائم مقام افغان وزیرِ اعظم کو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مؤثر سرحدی انتظام کے ذریعے لوگوں کی آمد و رفت آسان بنانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پر گفتگو میں یہ بھی کہا کہ پاکستان امن اور خوش حالی کو فروغ دینے اور دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

واضح رہے کہ 21 اور 22 جون کی درمیانی شب افغانستان میں 6 اعشاریہ 1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں 1000 سے زائد افراد ہلاک اور 600 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

قومی خبریں سے مزید