• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، خواتین کو اسکوٹیز ملیں گی، حمزہ شہباز کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اعلان کیا کہ نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ اسکیم بحال کی جا رہی ہے، خواتین اساتذہ کو 12ہزار اسکوٹیز دی جائیں گی، گوجرانوالہ میں 500 بستروں پر مشتمل اسپتال کو اسی برس مکمل کیا جائے گا۔

ایوان اقبال میں منعقدہ پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں آئینی حوالے سے جو کھلواڑ کیا گیا شاید اس کی نظیر تاریخ میں بھی ڈھونڈنے سے نہ ملے، ایوان کے کسٹوڈین نے آئین اور قانون کو پاؤں تلے روندا۔ 48 گھنٹے تک پنجاب کے عوام بجٹ کا انتظار کرتے رہے، لیکن ان کی انا اور ہٹ دھرمی نے ہر چیز کو بلڈوز کیا۔

انہوں نے کہا کہ سازش کا راگ الاپنے والے اس شخص کی سیاست کے پیچھے انتشار ہے کبھی اداروں پر حملہ آور ہوتا ہے اور کبھی ملک پر، اس کی سیاست صرف ”اگر میں نہ آیا“کے گرد گھوم رہی ہے اور”میں“اللّٰہ تعالیٰ کو ناپسند ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ایوان صدر میں بیٹھے ایک شخص نے عمران خان کے تابعدار کا کردار ادا کیا ہے۔ تاریخ میں عارف علوی کو آئین شکن صدر کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کابینہ نہ ہونے کے باوجود صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 200 ارب روپے کی گندم پر سبسڈی دی، صحت کارڈ کا منصوبہ مسلم لیگ (ن) نے شروع کیا اور ہم صحت کارڈ کو مزید بہتر بنارہے ہیں۔ صحت کارڈ سے اب صاحب حیثیت لوگ بھی مستفید ہوتے ہیں۔ میں خود بھی اس سے مستفید ہونے کا حق رکھتا ہوں۔ 

حمزہ شہباز نے اعلان کیا کہ یکم جولائی سے پنجاب کے 36 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں مفت ادویات ملیں گی، جبکہ کینسر کی ادویات بھی فری ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ کے کیمروں کو فنکشنل کریں گے۔ پنجاب میں فارم ٹو مارکیٹ 8 ہزار کلو میٹر سڑکوں کو اربوں روپے کی لاگت سے بحال کریں گے۔ کسان کو دیگر سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ بلا سود قرضوں کا اجراء کرنے جارہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی کے ایل آئی مسلم لیگ (ن) کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے چند ماہ میں اربوں روپے کی لاگت کا یہ منصوبہ دوبارہ اصلی حالت میں بحال ہوگا، جنوبی پنجاب کے صوبے کے لیے 240 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے جو کہ ترقیاتی بجٹ کا 35 فیصد ہیں۔ 

حمزہ شہباز نے گوجرانوالہ میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی ہے، 4015 یونین کونسلوں کو55 ارب روپے کا فنڈز منتقل کیا جائے گا۔ ایک یونین کو نسل کو ایک کروڑ 8 لاکھ روپے فی کس فنڈ ملے گا۔ عوام سے وعدہ ہے کہ ہم دن رات ایک کر دیں گے۔ معیشت کو بھی بحال کریں گے اور ملک کو قائد کا خوشحال پاکستان بنائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید