• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی زیدی نے الیکشن کمیشن کے سامنے سوال اٹھا دیا


سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے سلسلے میں آج ووٹنگ جاری ہے، اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے الیکشن کمیشن کے سامنے سوال اٹھا دیا۔

کراچی سے جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن سےکچھ پوچھنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں جلسہ کر کے قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔

علی زیدی نے سوال کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کیا بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کو نوٹس جاری کیے ہیں؟

ان کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن مہم میں سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا، خدشہ ہے کہ جمہوری عمل کے دوران خون خرابہ نہ ہو جائے۔

صدرپی ٹی آئی سندھ علی زیدی کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتخابی عمل صاف و شفاف رکھنا اداروں کی ذمے داری ہے، حالات خراب ہوئے تو اس کے ذمے دار سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن ہوں گے۔

سندھ: بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، ووٹنگ جاری

واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں میدان سج گیا ہے، جس میں 21 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہیں۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے معرکے میں سندھ کے مختلف ڈویژنز سے 1 ہزار سے زائد امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم کا وقت جمعے کی رات 12 بجے ختم ہو گیا تھا جبکہ گزشتہ روز تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کے سامان کی ترسیل کر دی گئی تھی۔


قومی خبریں سے مزید