سندھ میں جاری پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے دوران نواب شاہ کے 2 حلقوں میں غلط انتخابی نشان الاٹ کیے جانے پر احتجاج کیا گیا جس کے بعد پولنگ روک دی گئی۔
نواب شاہ میں پولنگ اسٹیشن نادر شاہ ڈسپنسری میں غلط انتخابی نشان پر احتجاج کیا گیا، ٹی ایل پی کے امیدوار عبدالستار ملک اور ووٹرز کے احتجاج کے بعد پولنگ روک دی گئی۔
ٹی ایل پی کے امیدوار عبدالستار ملک کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپر پر میرے کرین کے نشان کی بجائے ملکہ کی تصویر چھاپ دی گئی ہے۔
نواب شاہ کی یونین کمیٹی 6 میں ٹی ایل پی کے امیدوار عبدالستار ملک کو کرین کا نشان الاٹ کیا گیا تھا۔
اُدھر نوابشاہ میں ہی بیلٹ پیپر پر انتخابی نشان تبدیل ہونے پر آزاد امیدوار نے بھی احتجاج کیا ہے۔
یونین کونسل 3 وارڈ 3 سے آزاد امیدوار راشد علی نے پریزائڈنگ آفیسر سے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے انتخابی نشان پنکھا الاٹ ہوا تھا جبکہ بیلٹ پیپر پر تالا چھپا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ بیلٹ پیپر پر غلط انتخابی نشان چھپنے کی شکایت کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا ہے، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے ہیں۔
اس حلقے میں جنرل کونسلرکی نشست پر ووٹنگ روک دی گئی ہے، اس حوالے سے رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھجوائی جائے گی۔
واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلےمیں 14 اضلاع میں میدان سج گیا، جس میں 21 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہیں۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔