گلاسگو (پ ر) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے حلقہ نمبر6میں28مئی کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں بابا جان کا راستہ روکنے کے لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ میں انڈر سٹینڈنگ ہوگئی ہے۔ عوامی ورکرز پارٹی کے نامزد امیدوار بابا جان کی مقبولیت سے خائف ہوکر پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ میں بابا جان کو نااہل قرار دینے کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔ جس کی وجہ سے عدالت عظمیٰ نے28مئی کو ہونے والے ضمنی الیکشن3جون تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عوامی ورکرز پارٹی سکاٹ لینڈ کے آرگنائزر ڈاکٹر امجد ایوب مرزا نے الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابا جان کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں پھنساکر عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم5سال جیل میں قید رہنے کے بعد بابا جان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے، کیونکہ گلگت بلتستان کے عوام بابا جان پر قائم کیے جانے والے مقدمات کو جھوٹا تصور کرتے ہیں۔ ڈاکٹر امجد نے کہا کہ گورنر گلگت بلتستان مسلم لیگ کے ٹکٹ پر اپنے صاحبزادے کو منتخب کروانا چاہتے ہیں، لیکن عوام نے انہیں رد کردیا ہے اور بابا جان کا الیکشن میں فتح یاب ہونا نوشتہ دیوار ہے۔ ڈاکٹر امجد نے خبردار کیا کہ اگر گلگت بلتستان کے عوام کو جمہوری طریقے سے اپنا امیدوار فتح یاب کرانے سے روکا گیا تو اس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔