پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 2 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کے ساتھ مل کر ملک اور عوام کے خلاف سازش پر تاریخی احتجاج کریں گے۔
عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور عوام پر مہنگائی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں 2 جولائی کو اسلام آبادمیں جلسے کے انعقاد سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی اور حکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کے متن کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو مزید دلدل میں گرنے سے بچانے کے لئے واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔
عمران خان نے پارٹی ذمہ داران کو مہنگائی پر عوام کی بھرپور ترجمانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چوروں نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو بدترین مہنگائی کی اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نااہل، بددیانت اور بدنام گروہ نے اپنی چوری بچانے کے لئے بغیر تیاری اقتدار پر قبضے کی سازش کی، 2018 میں تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو معیشت دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی تھی، آئی ایم ایف شرائط، کمزور معیشت اور کورونا کے باوجود عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتوں میں مہنگائی کی صورت میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی، ان ’تجربہ کار‘ چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے، متنبہ کیا تھا کہ نہایت محنت سے کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدم استحکام کا بوجھ برداشت نہیں کر پائے گی۔