• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت ٹھیک کرنے کیلئے زرداری، شریف خاندان باہر پڑا پیسہ واپس لے آئیں، عمران خان

فوٹو بشکریہ عمران خان / انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ عمران خان / انسٹاگرام

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت کو ٹھیک کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے، آصف علی زرداری اور شریف خاندان باہر پڑا اپنا پیسہ آدھا واپس لے آئیں۔

 آن لائن پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم نے ملکی بجلی کے بحران پر بات کرتے ہوئے اتحادی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ 

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں ایسی لوڈ شیڈنگ نہیں تھی اب کیسے ہوگئی؟ آپ نے سازش کی، اب کہتے ہیں کہ سب کچھ پی ٹی آئی نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قیمتیں بڑھانے کا دباؤ کورونا کے دوران بھی تھا، تاہم وبا کے دوران سب سے سستا ملک پاکستان تھا، ہم پر بھی دباؤ تھا لیکن ہم نے قیمتیں نہیں بڑھائیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کے منصوبے پر ن لیگ نے معاہدے کیے، پھر بھی ہم نے بجلی کی قیمت نہیں بڑھنے دی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے درآمدی فیول پر پاور پلانٹس لگائے تھے، اب بجلی بھی نہیں بن رہی اور پیسے بھی کیپسٹی چارجز میں دے رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اس حکومت سے نہ معیشت سنبھالی جارہی ہے اور نہ ہی قیمتیں کنٹرول میں ہیں، ان کا خیال ہے کہ صرف ظلم اور تشدد کر کے لوگوں کو کنٹرول کرلیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت کو بتانا ہوگا کہ سازش کر کے بحران کیوں پیدا کیا گیا، ہم نے روس سے تیل لینا تھا، انہوں نے سازش کی اور عدم استحکام پیدا کیا، ملک کو بحران سے نکالنے کی ان کی نیت اور صلاحیت ہی نہیں تھی۔

سابق وزیراعظم نے بتایا کہ میں نے شوکت ترین کو کہا تھا کہ نیوٹرل کو بتاؤ کہ سیاسی بحران آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور جمہوریت اخلاقی قوت سے چلتی ہے ڈنڈے سے نہیں۔ سارے شہروں میں لوگوں کو پُرامن احتجاج کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

پنجاب کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حمزہ کی غیرقانونی حکومت بنی ہوئی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدالت نے مخصوص نشستوں پر ان کو بے نقاب کردیا ہے، پنجاب میں لگ رہا ہے کہ حمزہ کی اب حکومت نہیں رہے گی۔

عمران خان نے کہا کہ سیاستدانوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح خریدا جاتا ہے، پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی کوششیں جاری ہیں۔

قومی خبریں سے مزید