وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا زرداری صاحب پر غصہ بنتا ہے، کیونکہ سابق صدر نے جس طرح انہیں نکالا اس کی مثال نہیں ملتی۔
عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان خود کو دنیا کا بڑا سوشل سائنٹسٹ اور ماہر معاشیات سمجھتا ہے، جو اس کی خود فریبی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں عمران خان نے جو معاشی بحران پیدا کیا اسے آج نہ صرف حکومت بلکہ عوام بھی بھگت رہے ہیں۔
ناصر شاہ نے کہا کہ بجائے اپنی نااہلی پر نادم ہونے کے، عمران خان ڈھٹائی سے عوام کو احتجاج پر اُکسا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اتحادی حکومت نے عمران نیازی سے نپٹنے کا فیصلہ کیا تو یہ خود اپنے خلاف وعدہ معاف گواہ بن جائے گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آپ روز روز نیوٹرل کو للکارتے ہو، اب آپ دوبارہ سلیکٹ نہیں ہوں گے۔