• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہیش بھٹ کا اپنے گھر کی خواتین سے ڈرنے کا اعتراف

بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار اور فلمساز مہیش بھٹ نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنے گھر کی خواتین سے ڈرتے ہیں۔

آج اپنی 30ویں سالگرہ منانے والی آنجہانی اداکار ششانت سنگھ کی سابقہ گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی کے ساتھ میوزیکل، رومانٹک ڈرامہ فلم ’جلیبی‘ کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں مہیش بھٹ نے خواتین کی ذہانت اور فیصلہ سازی کی تعریف کی۔

اس دوران گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں ریا چکرورتی نے رشتوں میں جھگڑے اور تناؤ سے بچنے کے لیے ایک ٹپ شیئر کی اور کہا کہ مردوں کو اچھی زندگی اور عورت سے تعلق میں تناؤ سے بچنے کے لیے اُن کی بات سننی چاہیے۔

انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ جو مرد اپنی خاتون پارٹنر کی بات پر کان نہیں دھرتے وہ تکلیف اٹھاتے ہیں، دیکھیں ہم جانتے ہیں کہ کیا کر رہے ہیں، ہم کیا بات کر رہے ہیں، بس ہمیں سنیں۔

مہیش بھٹ نے اس دوران ریا کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ میں خوشگوار زندگی گزارنے والا آدمی ہوں جو خواتین سے بھرے گھر میں رہتا ہے اور اُن کی بات سنتا ہے۔

بھارتی فلمساز کی سونی رازدان سے شادی کو 36 برس سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے، ان کی صاحبزادیوں میں پوجا بھٹ، عالیہ بھٹ اور شاہین بھٹ شامل ہیں، نے کہا کہ خواتین ذہین ہوتی ہیں، وہ درست فیصلے کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی بہت سی خوبیاں ہیں جو وہ اب تک نہیں سمجھ سکے، ہنستے ہوئے بھارتی فلم ہدایت کار نے کہا کہ سچ بات یہ ہے کہ میں اپنے گھر کی خواتین سے ڈرتا ہوں۔

یاد رہے کہ فلم جلیبی 2018ء میں ریلیز ہوئی تھی، اس کے بعد ریا چکرورتی 2021ء میں سسپنس فلم ’چہرے‘ میں نظر آئیں، جس میں امیتابھ بچن اور عمران ہاشمی نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

ریا چکرورتی 2020ء میں اپنے بوائے فرینڈ ششانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد تنازع میں الجھ گئی تھیں، اداکارہ اور اُن کے بھائی پر منشیات سے متعلق ایک مقدمہ بھی درج ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید