بھارت کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے پر پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق احتجاج بھارت کی طرف سے ٹوئٹر پر 80 اکاؤنٹس بلاک کرنے پر کیا گیا۔ بھارت نے ایران، ترکی، مصر، اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارتی مشن اور نیویارک میں پاکستان کے سفارتی مشن کے اکاؤنٹس بلاک کئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے جیو بلاکنگ کے ذریعے ریڈیو پاکستان کی نشریات بھی بلاک کیں۔ بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی معیار کے خلاف ہیں۔
ترجمان کے مطابق بھارت سے سفارتی مشن کے ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کرنے کے اقدام کو فوری واپس لینے کا کہا گیا اور بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ یہ اصولوں اور معلومات کے بہاؤ کے فریم ورک کے خلاف ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی اقدام ہندوستان میں بنیادی آزادی کو روکنے کی خطرناک رفتار کی عکاسی کرتے ہیں۔