وزیراعظم شہباز شریف نے فضائی مسافروں سے 50 ہزار روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف اے ڈی) وصولی کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم نے فضائی مسافروں سے ایف اے ڈی وصولی کو غیر قانونی قرار دیا اور اس حوالے سے جاری کردہ حکم نامہ فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
انہوں نے اس فیصلے کی تحقیقات کا حکم دیا اور کہا کہ کابینہ کی بغیر منظوری ایف اے ڈی کی وصولی کیسے؟ اور کیوں ہوئی بتایا جائے۔
وزیراعظم نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو حکم دیا کہ فوری تحقیقات کی جائے اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
شہباز شریف نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ جن ذمے داروں کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی ہوئی، انہیں عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے وفاقی وزیر کو ہدایت کی کہ جن مسافروں سےایف ای ڈی وصول کی گئی، انہیں رقوم واپس کی جائیں۔
وزیراعظم نے اپنے احکامات پر فوری عمل درآمد اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔