وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ ڈونلڈ لُو سے معافی مانگ لی ہے، ہم نے اس سے متعلقہ تمام ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کی ملاقات اور امریکی حکومت سے معافی کی تمام تفصیلات اور شواہد ہمارے پاس آچکے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکہ کے خلاف نعرے لگانے والا امریکا کے پیر پکڑ رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ ہم سے غلطی ہوگئی، سلسلہ وہیں سے شروع کیا جائے جہاں سے ٹوٹا تھا۔‘
وزیرِدفاع نے کہا کہ عمران خان نے امریکی سفارت کار کو پیغام دیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ معاملات ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ’عمران خان کی ہوا نکل گئی ہے، ڈونلڈ لُو سے منتیں ترلے کیے جارہے ہیں۔‘