مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے 24 گھنٹوں کے اندر ای سی ایل سے نکل جاتے ہیں، پی ٹی آئی کو شکایت ہوتی ہے تو اسے 24 گھنٹے میں ریلیف مل جاتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیک نیوز سے لوگوں میں انتشار پیدا کیا جاتا ہے جس سے انارکی پیدا ہوتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو ہراساں کرنے کے لیے منظم مہم شروع کی ہے، اس نے قومی اداروں کے خلاف مہم چلائی ہوئی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ریاست کو آئین کی بالادستی کے ذریعے مضبوط کیا جا سکتا ہے، ووٹ کو عزت دو کا مطلب آئین کے مطابق کردار ادا کرنا ہے۔
ن لیگی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاست میں کسی غیر سیاسی ادارے کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے، عمران خان کی حکومت میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کا مذاق اُڑایا گیا۔