• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ژوب: پاک افغان سرحدی علاقے میں ولہ ڈیم ٹوٹ گیا، کئی مکانات منہدم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان کے علاقے ژوب کے قریب پاک افغان سرحدی علاقے کاکڑ خراسان میں ولہ ڈیم ٹوٹ گیا۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ژوب کے مطابق ڈیم ٹوٹنے سے وسیع آبادی زیر آب آگئی ہے، جبکہ کئی مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔

ڈی سی کے مطابق علاقے میں امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں، سیلاب متاثرین کو ریسکیو کیا جارہا ہے۔

ادھر چمن کے دیہاتی علاقے کشمیر خیل دیہات میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

قلعہ سیف اللّٰہ کے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) لیاقت کاکڑ کے مطابق خشنوب میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔

اے سی کے مطابق آبی ریلوں میں بہہ کر جاں بحق 2 بچوں، 2 خواتین اور ایک شخص کی لاشں نکال لی گئی، جبکہ سیلاب میں بہہ جانے والی ایک خاتون اور 3 مزدوروں کی تلاش جاری ہے۔

اے سی کے مطابق مقامی انتظامیہ نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی مدد سے خشنوب میں رہائشی کیمپ قائم کیا ہے۔

لیاقت کاکڑ کے مطابق پہلے مرحلے میں تباہ شدہ گھروں کے 100 خاندانوں کے لیے خیمہ بستی پر کام جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق رود جوگیزئی گاؤں میں 100 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا، متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہے، سیلابی صورتحال کے بعد متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔

لیویز کنٹرول روم کے مطابق رابطہ سڑکیں اور پل بہہ جانے کے باعث اکثر علاقوں میں آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔

کوہلو شہر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ مختلف فیڈرز پر بجلی کی سپلائی معطل ہے۔

قومی خبریں سے مزید