امریکی اداکارہ ایمبر ہرڈ کو سابق شوہر اداکارجانی ڈیپ سے ہتکِ عزت کا مقدمہ ہارنے کے بعد ایک ملٹی ملین ڈالرز کی ڈیل کی پیشکش ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی پورٹس کے مطابق ایمبر ہرڈ کی مبینہ طور پر اپنے سابق شوہر جانی ڈیپ سے ہتک عزت کا کیس ہارنے کے بعد ایک ملٹی ملین ڈالر ڈیل کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایمبر ہرڈ گزشتہ ماہ ختم ہونے والے انتہائی مشہور ہتکِ عزت کے مقدمے کے بعد اپنے ایک نئے پراجیکٹ کے بارے میں کافی پرجوش ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اداکارہ اپنے سابق شوہر کے خلاف ایک کتاب لکھنے کے لیے ایک بڑی ڈیل کرنے جا رہی ہیں۔
اس حوالے سے یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ ایمبر ہرڈ کو ہتکِ عزت کا مقدمہ ہارنے کے بعد اب کسی بھی نئی ہالی ووڈ فلم میں کاسٹ نہیں کیا جائے گا اور اس طرح اب ان کا فلمی کیریئر ختم ہو رہا ہے۔
ایمبر ہرڈ کو فلم ’ایکوا مین 2‘ کی کاسٹ سے نکالنے کے لیے شروع کی گئی پٹیشن کو بھی 5 ملین لوگ سائن کر چکے ہیں۔
یہ خبر ایمبر ہرڈ کی وکیل کے دعوے کے بعد سامنے آئی ہے کہ اداکارہ 10 ملین امریکی ڈالر ہرجانہ ادا نہیں کر سکیں گی جو کورٹ میں جیوری نے اُنہیں ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
ایک قانونی ماہر کے مطابق اس مبینہ کتاب کے معاہدے سے متعلق خبر سامنے آنے پر اب جانی ڈیپ اور ان کی وکلاء کی ٹیم اداکارہ کے کام پر گہری نظر رکھے گی، اگر اداکارہ نے اپنی حدود سے باہر نکلنے کی کوشش کی تو اُنہیں ایک اور مقدمہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔