نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارت کی عدالت عظمیٰ نے مسلمان صحافی محمد زبیر کی ضمانت منظور کرلی ہے جنہیں ہندو مذہب کی توہین کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ صحافی محمد زبیر ضمانت ملنے کے باوجود بھی دارالحکومت نئی دہلی میں درج کی گئی ایک اور شکایت کی وجہ سے پولیس کی حراست میں رہیں گے۔ عدالتی دستاویز کے مطابق بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش کے ضلع سیتا پور میں جون میں درج کی گئی ایک شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ محمد زبیر نے ہندو مذہبی رہنماؤں کے ایک گروپ کو ’نفرت پھیلانے والے‘ کے طور پر بیان کرکے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔سیتا پور کی شکایت پر فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ کے دو ججوں پر مشتمل بینچ نے محمد زبیر کی پانچ دنوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے کسی بھی الیکٹرانک ثبوت کے ساتھ ٹوئٹ کرنے اور چھیڑ چھاڑ کرنے سے گریز کرنے کا حکم دیا۔