سری لنکا میں بد ترین معاشی بحران کے پیش نظر وزیراعظم وکرما سنگھے کُل جماعتی حکومت بنانے کے لیے استعفیٰ دینے کو تیار ہوگئے ہیں۔
سری لنکن پی ایم آفس اعلامیے کے مطابق وزیراعظم وکرما سنگھے ملک کے معاشی بحران کے حل کے لیے کُل جماعتی حکومت بنانے کے لیے مستعفی ہونے پر راضی ہوگئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا میں آج ہزاروں مظاہرین نے صدارتی محل پر دھاوا بولا اور مطالبہ کیا تھا کہ صدر گوٹابایا راجاپاکسے استعفیٰ دیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صدارتی محل پر مظاہرین کے حملے سے پہلے ہی صدر کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے فائرنگ کی، جس سے 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ سے 30 سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں عوام کو کئی ماہ سے خوراک، ادویات، ایندھن، بجلی کی قلت اور مہنگائی کے مسائل درپیش ہیں۔