• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائنل کال: خود غائب رہنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کی کہانی سامنے آگئی


بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اسلام آباد پہنچنے کی فائنل کال پر خود منظر سے غائب رہنے والے پارٹی رہنماؤں کی کہانی سامنے آگئی۔

پی ٹی آئی کے کئی اہم رہنماؤں نے 24 نومبر کی فائنل کال کےلیے سوشل میڈیا پر خوب عوامی مہم چلائی، لوگوں سے کہا کہ وہ گھروں سے نکل کر ڈی چوک پہنچیں۔

بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی فائنل کال کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مہم چلانے والے یہ رہنما خود منظر سے غائب رہے۔

اس فہرست میں سب سے اوپر ہیں، پارٹی ترجمان شیخ وقاص اکرم، جنہوں نے پیغام جاری کیا کہ ’خان کی کال ہے گھروں سے نکلیں‘، یہ خود بھی خان کی کال پر باہر نہ نکلے اور آخری موقع ضائع کردیا۔

پی ٹی آئی دور کے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ 24 نومبر فائنل کال، آج آپ اس تحریک میں شامل نہ ہوئے تو ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ خود انہوں نے سوشل میڈیا 2 دریا پار کیے لیکن وہ ڈی چوک نہیں پہنچ پائے۔

سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شعر و شاعری کے ذریعے سوشل میڈیا پر کارکنوں کا دل گرمائے رکھا، وہ تیمور جھگڑا کے ساتھ فائنل کال پر نکلے بھی لیکن وہ ڈی چوک نہ پہنچ سکے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا اپنی لوکیشن بتاکر لاہور کی گلیوں میں اکیلے گھومتے رہے، اس وقت اردو بازار سے گزرے ہیں اور مینار پاکستان جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما صاحبزادہ حامد رضا نے پولیس کی کارکردگی کا تمسخر اڑا کر سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ اسلام آباد میں رواں دواں ہیں، لیکن وہ بھی دیگر پارٹی رہنماؤں کی طرح پولیس کے ساتھ احتجاجی عوام بھی انہیں نہ ڈھونڈ پائی۔

قومی خبریں سے مزید