• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں: مریم اورنگزیب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب ووٹ چور ہیں، ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں، عمران خان اور ان کے وزراء اپنے دورِ اقتدار میں ضمنی انتخابات میں انتخابی مہم چلاتے رہے۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان وزیرِ اعظم ہو کر الیکشن کمیشن کے قانون، احکامات اور ضابطوں کی دھجیاں اُڑاتے رہے، عمران خان اور ان کے وزراء نے کُھلم کُھلا الیکشن کمیشن کے قانون کے خلاف ورزی کی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اور ان کے وزراء نے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دیں، آج بھی الیکشن چور الیکشن کمیشن پر حملے کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ن لیگ قانون، انتخابی ضابطوں اور الیکشن کمیشن کے احکامات کے آگے سر جھکاتی ہے، ن لیگی وزراء نے الیکشن کمیشن کے احکامات اور قانون کی پاسداری میں استعفے دیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان لاڈلہ بننے کی کوشش میں قانون اور ضابطے کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں، عمران خان خود کو قانون سمجھتے ہیں وہ اپنے آپ کو قانون کے تابع نہیں سمجھتے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کو روز گالیاں اور دھمکیاں بھی دیتے ہیں اور درخواستیں بھی کرتے ہیں، الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عمران خان کا اپنی شکست کا پیشگی اعتراف ہے۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان نے گلگت بلتستان، خیبر پختون خوا اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں مہم چلائی تھی۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا ہے کہ عمران خان آپ کے وزراء الیکشن مہم میں پیسے تقسیم کرتے رہے، آپ کے وزراء ترقیاتی اسکیموں کا اعلان اور دھاندلی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔

قومی خبریں سے مزید