پنجاب کے وزیر داخلہ عطاء اللّٰہ تارڑ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے بھیجے گئے 6 ارب روپے کے ہتک عزت کے لیگل نوٹس کا جواب دے دیا۔
عطا تارڑ کے وکیل نے کہا کہ فرح خان پہلے بھی ہر جگہ فرح گوگی کے نام سے مشہور ہے، فرح خان کے میرے موکل عطا تارڑ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
وکیل عطا تارڑ نے کہا کہ فرح خان نے قومی خزانے سے اربوں روپے لوٹے، فرح خان نے احسن جمیل گجر اور بشریٰ بی بی کے ساتھ کرپشن کے ریکارڈ توڑے۔
ن لیگی رہنما کے وکیل نے کہا کہ فرح خان کے خلاف وفاقی، صوبائی اینٹی کرپشن ایجنسیز تحقیقات کر رہی ہیں، فرح خان کرپشن تحقیقات اور سزا سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہو چکی ہے، قانون کے مطابق ریڈ وارنٹ کے ذریعے فرح خان کو واپس لانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، ان کو وطن واپس آ کر تحقیقات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وکیل عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ فرح خان کی وطن واپسی پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔