بھارتی فیشن ڈیزائنر اور اداکارہ مسابا گپتا کو ان کی شکل و صورت سے متعلق منفی تبصرے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مسابا گپتا کی ایک پوسٹ پر ایک صارف نے اُن سے متعلق منفی تبصرہ کیا تو انہوں نے جواب دیا۔
صارف نے لکھا کہ’تم بہت بری لگ رہی ہو‘، بھارتی فیشن ڈیزائنر نے خود سے متعلق منفی تبصرے کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور ساتھ ہی رد عمل بھی دیا۔
ایک شخص نے پوسٹ پر لکھا کہ آپ بہت بری لگ رہی ہیں، اس پر ستم ظریفی یہ ہے کہ آپ انٹرٹینمنٹ اور فیشن کی صنعت سے وابستہ ہیں۔
مسابا نے انسٹا صارف کو جواب دیا کہ یہ تبصرہ میرے لیے آپ کا پیار ہے، یہ بات سمجھ لیں کہ کسی بھی شعبے سے وابستگی کا مطلب باصلاحیت، دیوانگی کی حد تک محنت اور سخت نظم و ضبط ہی ہے۔
فیشن ڈیزائنر نے مزید لکھا کہ میرے چہرے پر تو صرف خوبصورت ہڈیاں ہیں، لیکن میرا دماغ چاقو سے بھی تیز چلتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مسابا نے منفی تبصرے پر جواب دیا ہے، اس سے قبل 2017ء میں سپریم کورٹ کے پٹاخوں پر پابندی کے فیصلے کی حمایت میں انہوں نے پوسٹ کی، جس پر انہیں خوب ٹرول کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ان کی گفتگو پر انہیں انتہائی نامناسب تبصروں سے نوازا گیا، جس میں سے ایک ویسٹ انڈین کی ناجائز اولاد بھی شامل تھا۔
مسابا نے کہا کہ اس طرح کی گفتگو مجھے قابل فخر بناتی ہے، میں دو جائز ترین شخصیات کی ناجائز پیداوار ہوں، لیکن میں نے بہترین زندگی گزاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ذاتی زندگی اور پیشہ وارانہ امور میں قابل فخر ہوں۔
مسابا گپتا خود پر بنائے گئے نیٹ فلکس شو ’مسابا ‘ کے سیزن 2 کی منتظر ہیں، جو 29 جولائی کو ریلیز ہو گا، اس کا پہلا سیزن اگست 2020ء میں آیا تھا، جس نے خوب پذیرائی سمیٹی تھی۔
اس شو میں مسابا کی والدہ نینا گپتا سمیت کئی دیگر اداکار بھی پرفارم کر رہے ہیں۔