چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسٹر ایکس لاہور اور مسٹر وائی ملتان میں بیٹھا ہے، ہم نے مل کر انہیں الیکشن میں ہرانا ہے۔
جھنگ میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ہمارا نمائندہ جس کو آپ نے ووٹ دیا وہ لوٹا ہو گیا، لوٹا وہ ہوتا ہے جو اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے، لوٹے وہ ہیں جو پیسے کی خاطر عوام کا ووٹ بیچتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سچ اور حق پر کھڑے ہوتے ہیں، 22 کروڑ پاکستانیوں کی منتخب حکومت کو گرایا جاتا ہے، بڑے بڑے ڈاکو ملک پر مسلط کیے گئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ اتوار کو الیکشن ہمارے ملک ک مستقبل کا فیصلہ کرے گا، ہمیں الیکشن ملک کے مستقبل کے لیے جیتنا ہے، چوروں اور امریکیوں کے غلاموں سے ملک کو بچانا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم سوچ رہے ہیں کہ ن لیگ کے ڈاکوؤں کی دھاندلی سے ووٹ کیسے بچانے ہیں، ہم پولنگ ایجنٹس کو دھاندلی رکوانے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ دھاندلی زیادہ تر خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر ہوتی ہے، وہاں یہ لوگ پیسے دیتے ہیں، پی ٹی آئی کی خواتین اس دھاندلی کو رکوائیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے زندگی میں کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی، سارا بزنس شریف برادران نے کرپشن کے ذریعے بنایا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمارا مقابلہ شریف خاندان اور ان کے درباریوں، لوٹوں اور الیکشن کمیشن سے ہے۔
انہوں نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان پر مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقاتوں کا الزام لگایا اور کہا کہ ایک مسٹر ایکس لاہور اور ایک مسٹر وائی ملتان میں بیٹھا ہے، ہم نے ان کو الیکشن میں ہرانا اور ایسا پھینٹا لگانا ہے کہ یہ یاد رکھیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ میری کوشش تھی کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابی عمل لاؤں، اس کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانے کی کوشش بھی کی۔