پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن نہ ہوئے تو جمہوریت خطرے میں پڑجائے گی، انتظامیہ سے گزارش ہے کہ 20 اضلاع میں شفاف الیکشن کرائیں۔
ملتان میں سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوگوں کو فیصلہ کرنے دیں کہ وہ کس کو ووٹ دیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کارکنوں سے کہا ہے کہ الیکشن کے روز قانون ہاتھ میں نہیں لینا، ہمیں جو بھی تحفظات تھے ہم نے الیکشن کمیشن کو لکھ کر دیے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ووٹرز لسٹ کی غلطیوں کی ہم نے بہت پہلے نشاندہی کی تھی۔
شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کی لیکن ابھی بھی عوام پر بہت بوجھ ہے۔
دوسری جانب حامد سعید کاظمی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے خاندان سے پرانے مراسم ہیں، ان کا خاندان قابلِ عزت ہے۔
حامد سعید کاظمی نے یہ بھی کہا کہ زین قریشی ضمنی الیکشن میں سرخرو ہوں گے۔