• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں سپریم کورٹ میں گیا ہوں، آخری گیند تک ان چوروں کا مقابلہ کروں گا، عمران خان

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز حکومت کے آتے ہی نیب قانون میں ترمیم کی گئی، میں سپریم کورٹ میں گیا ہوں، آخری گیند تک ان چوروں کا مقابلہ کروں گا۔

فیصل آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  مشرف کے دور میں ان ڈاکوؤں نے این آر او لیا، اس بار پھر انہوں نے 1100 ارب روپے کا ڈاکہ مارا، 1100 ارب روپے کسی صورت ہضم نہیں کرنے دوں گا، میں کپتان ہوں اور آپ میری ٹیم ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ  سازش کر کے چوروں کو ہمارے اوپر بٹھایا گیا، کیا امریکا پاکستانیوں کا خیرخواہ ہے اور بہتری چاہتا ہے؟ امریکا چاہتا ہے ہم اس کی غلامی کریں، جو وہ کہے پاکستان کرے، امریکی جنگ میں 80 ہزار پاکستانی مارے گئے،  آج بھی ہماری فوجی سرحدوں پر قربانی دے رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس ملک میں ہونے والی سازش کو میر جعفر اور میر صادق نے کامیاب کروایا، ہم امریکا سمیت کسی سے دشمنی نہیں چاہتے، لیکن ہم کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ امریکا اس لیے ان چوروں کو لےکر آیا کہ ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرسکے، امریکا کو آزاد لیڈر پسند نہیں ہیں، بوٹ پالش کرنے والے پسند ہیں۔

 پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ  پاکستانی قوم غیرت مند قوم ہے، لا اله الا اللّٰه والے کسی کے آگے نہیں جھکتے، شہباز اور زرداری 32سال سے بھیک مانگ رہے ہیں، ان میں غیرت ہوتی تو شریف اور زرداری خاندان چوری کا پیسہ واپس لاتا، بھیک نہ مانگتے، ان لوگوں نے دھاندلی کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، تحریک انصاف 20 کے20 حلقوں میں الیکشن جیتے گی، عوام ان کو بلوں سے پھینٹا لگائیں گے، اتوار کو ہر پولنگ اسٹیشن پر پہرہ دینا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے رات کو بڑا احسان کیا، ڈیزل 130 روپےمہنگا کیا،اب صرف 40 روپے کم کیے، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت مزید کم ہونی چاہیے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آکاش وانی ریڈیو کی خاصیت ہے وہ سچ نہیں بول سکتی، شریف خاندان والے آج تک ایک رسید پیش نہیں کرسکے، بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑا جاتا، بھینس چور کو پکڑ لیا جاتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید