بھارت کی خوبصورت ترین ماڈل و اداکارہ سشمتا سین اور للت مودی کے تعلق کی خبر پر اُن کے سابقہ بوائے فرینڈ روحمان شال نے بھی رد عمل دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق للت مودی نے 14 جولائی کو سوشل میڈیا پر اپنے اور سشمتا سین کے تعلق کی خبر جاری کر کے کئی دلوں پر بجلی گرادی ہے۔
سشمتا سین کے نئے بوائے فرینڈ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ ہم نے شادی نہیں کی فی الحال ساتھ رہ رہے ہیں۔
سشمتا سین اور للت مودی کی صورت میں بالی ووڈ کی نئی جوڑی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، سوشل میڈیا پر مداحوں کے رد عمل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ایک طرف ماڈل و اداکارہ کے بھائی راجیو سین نےللت مودی اور بہن کے تعلق کی خبر پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا وہیں سشمتا سین کے سابقہ بوائے فرینڈ روحمان شال نے بھی رد عمل دیا۔
روحمان شال اور سشمتا سین کے درمیان دسمبر 2021ء میں بریک اپ ہو گیا تھا، اب سابقہ بوائے فرینڈ نے نئے جوڑے کے لیے خوشی کا اظہا ر کیا۔
انہوں نے حالیہ انٹرویو میں للت مودی اور سشمتا سین کے تعلق کی خبر پر کہا کہ’ آئیں اس جوڑی کے لیے خوش ہوں، محبت خوبصورت ہے، میں صرف اتنا جانتا ہوں اگر اُس نے کسی کو منتخب کیا ہے تو وہ یقیناً اس کے قابل ہے‘۔
سشمتا سین نے 2018ء میں پہلی بار روحمان شال کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، وہ دونوں خاندانی محفلوں اور عوامی مقامات پر ساتھ دیکھے گئے اور پھر خبر آئی کہ جوڑی ڈیٹنگ کر رہی ہے۔
تاہم 23 دسمبر 2021ء کو ان کے درمیان بریک اپ ہو گیا، دونوں نے ہی اس حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی، سشمتا سین نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم نے دوست کے طور پر شروعات کی، ہم دوست ہی رہیں گے، رشتہ ختم ہوا، محبت باقی ہے‘۔
گزشتہ روز للت مودی نے ایک ٹوئٹ کی اور جس میں سشمتا سین کے ساتھ تعلق کو نئی شروعات قرار دیا۔
للت مودی 2008ء میں شروع ہونے والی بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل کے بانی سربراہ رہے ہیں، وہ 2010ء سے لندن میں ہیں، انہوں نے اپنے خلاف جاری ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے دوران بھارت چھوڑا تھا۔