• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سازش کا بھانڈا سپریم کورٹ نے پھوڑ دیا، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ سازش کا بھانڈا سپریم کورٹ نے پھوڑ دیا، سازش کے نام پر اس شخص نے پورے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی، جب سپریم کورٹ نے سازش کے ثبوت مانگے تو اس شخص کے پاس کچھ نہیں تھا۔

ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملتان والوں کو مبارک ہو کل شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا، یہ میری ملتان سے محبت کا ثبوت ہے کہ میں آخری جلسہ ملتان میں کر رہی ہوں، میری خواہش تھی کہ انتخابی مہم کا خاتمہ ملتان میں ہو۔

 مریم نواز نے کہا کہ کل ڈھائی تین مہینے بعد اچھی نیند آئی کیونکہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت کم ہو گئی، نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوتی رہیں تو دو ہفتے بعد پیٹرول اور ڈیزل مزید سستا کریں گے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جو بارودی سرنگیں عمران خان بچھا کر گیا تھا ن لیگ نے وہ ساری ہٹا دی ہیں، انشاء اللّٰہ ملک کے لیے مزید اچھی خبریں لے کر آئیں گے، مجھے پورا یقین ہے کہ17 جولائی کو ملتان میں شیر دھاڑے گا، 17 جولائی کو الیکشن نہیں ہے، بلکہ جنگ ہے ان لوگوں کے ساتھ جنہوں نے پنجاب کو لوٹ لوٹ کر کھایا۔

 مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا بارش کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے، ایک جھوٹا شخص پنجاب میں آتا ہے اور تقریریں کرکے چلا جاتا ہے، کہاں گیا جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے وعدے کرنے والا؟ یہ شخص جنوبی پنجاب کے لوگوں سے جھوٹ بول کر گیا ہے، اس نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اکیلے چھوڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ الزام لگانا آسان کام ہے، لیکن اسے ثابت کرنا مشکل کام ہے، جو بھی کیس عدالت میں گیا اس جھوٹے کیس کو عدالت نے اٹھا کر کوڑے دان میں ڈال دیا، بہتان لگانے والا کسی پر کچھ ثابت نہیں کر سکا، ریاست کی پوری طاقت لگا کر بھی یہ جھوٹا شخص ہم پر کچھ ثابت نہیں کر سکا، یہ جب سے حکومت سے نکلا ہے اس کا روز کوئی نیا اسکینڈل آتا ہے۔

مریم نواز  نے کہا کہ گوگی، پنکی اور ابراہیم مانیکا ارب پتی ہو گئے، لیکن صوبے کے عوام کو کچھ نہ ملا، اس کی آدھی کابینہ امریکا سے امپورٹ ہو کر آئی تھی، اس کی کابینہ ایسے غائب ہو گئی جیسے گدھے کے سر سے سینگ غائب ہوتے ہیں، جہاں سے امپورٹڈ مشیر اور وزیر آئے تھے وہاں واپس چلے گئے۔

رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ جب ادارے اس کا ہاتھ پکڑ کر چل رہے تھے تو اچھے تھے؟ جس دن اداروں نے آئین اور قانون کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تو وہ برے ہوگئے؟ ای سی پی نے جب آر ٹی ایس بٹھایا تو اچھا تھا اور آج ای سی پی قانون کے مطابق چل رہا ہے تو وہ برا ہو گیا؟

قومی خبریں سے مزید