• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عمران خان کو معافی مانگنی چاہیے، شیری رحمان

پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان کو معافی مانگنی چاہیے۔

اسلام آبا د سے جاری بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما سپریم کورٹ کے فیصلے پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کا یہ عمل الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والا ہے، سابق وزیر اعظم ہر اُس ادارے سے سوال کرتے ہیں، جو اُن کی طرف نہیں جھکتا۔

پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ عمران خان کسی بھی انتخابی نتیجے کو قبول کرنے کو تیار نہیں، وہ تو کسی آئینی ادارے کے دائرہ کار کو بھی نہیں مانتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف ایسے فیصلے چاہتے ہیں، جو اُن کے اقتدار میں آنے میں مدد کریں۔

شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے عدالت کو سائفر تک فراہم نہیں کیا، عمران خان اب عدالت سے سوال کر رہے ہیں کہ سائفر پر تفتیش کیوں نہیں کرائی؟

انہوں نے استفسار کیا کہ عمران خان نے خط اتنے دن کیوں چھپایا؟ سوالات کے جواب عمران خان نے دینے ہیں سپریم کورٹ نے نہیں۔

قومی خبریں سے مزید