وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سیاست میں فتح و شکست نہیں جمہوری رویے اہم ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں کے ضمنی الیکشن کے نتائج پر خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھنا ہے، نظام چلتے رہنا چاہیے، انتخابی نتائج ثبوت ہیں سیاست میں آگے بڑھنے کا اصل راستہ یہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرنا ہی حقیقی جمہوریت ہے، سیاسی جماعتیں پرتشدد احتجاجی سیاست کو ہمیشہ کے لیے ترک کر دیں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کو بھی اپنی غلطیوں کو اب دہرانا نہیں چاہیے، ن لیگ کو بھی اپنے آپ کو بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاست میں فتح اور شکست کی اہمیت نہیں، جمہوری رویے اہم ہیں۔
سید خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ چیف الیکشن کمشنر تنقید اور ذاتی حملوں کو برداشت کرتے ہوئے اپنا کام کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد پر مبارک باد کے مستحق ہیں، امید ہے عام انتخابات میں بھی چیف الیکشن کمشنر ایسے ہی ذمہ داری نبھائیں گے۔