• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت مظلوم عوام کواستصواب رائے کا حق دے، ساجدنقوی

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے، تمام سٹیک ہولڈرز، عوامی طبقات اور بین الاقوامی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے تصفیہ کا حل تلاش کیا جائے، کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، غیور و بہادر کشمیری عوام 1947ء میں ہی الحاق پاکستان کی قرارداد کی منظوری کیساتھ پاکستان کے حق میں فیصلہ سناچکے ہیں، مقبوضہ علاقے کبھی اٹوٹ انگ نہیں ہوتے، بھارت ہٹ دھرمی چھوڑے اور مظلوم عوام کواستصواب رائے کا حق دے، جنوبی ایشیاکا پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے ۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ کسی بھی قو م کو جبر، ظلم کے ساتھ دبایا نہیں جاسکتا نہ ہی مقبوضہ علاقے کبھی اٹوٹ انگ ہوا کرتے ہیں یہ کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ ہے جو وہ کرچکے ہیں، اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے ساتھ پیلٹ گنز کا بھی بزرگ، خواتین اور بچوں سمیت سب نے بلا تفریق سامنا کیا، ، کشمیر کی خصوصی حیثیت بھارتی مودی سرکار نے ختم کی لیکن کشمیری اس ظلم و جبر کے آگے زیر نہ ہوئے اور آج بھی وہ یوم الحاق پاکستان کو شدو مد کیساتھ منارہے ہیں جس پر انہیں داد تحسین پیش کرتے ہیں ، ہم کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے آگے بڑھا جائے اور تمام سٹیک ہولڈرز، عوامی طبقات کو اعتماد میں لیتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل مرتب کیا جائے تاکہ کشمیری عوام بھی جاری ظلم و ستم کی تاریک رات کے بعد صبح آزادی دیکھ سکیں۔
اسلام آباد سے مزید