آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایف ڈبلیو او کے جدید ترین ٹنلنگ انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا، ادارہ ٹنلنگ کے شعبے میں تحقیق، ترقی اور وسائل کو ہم آہنگ کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ادارہ تعلیمی اور صنعتی ماہرین کے ذریعے ٹنلنگ کی تعلیم کو فروغ دینے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ٹی آئی پی، ایف ڈبلیو او کی جانب سے صرف دس ماہ میں فعال کیا گیا۔
آرمی چیف نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ملک میں پولیو مہم اور درپیش چیلنجز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے حساس مقامات پر اضافی افرادی قوت اور وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو اضافی افرادی قوت اور وسائل فراہم کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیو سے پاک پاکستان کے لیے مؤثر کوشش کامیاب بنانے کی ضرورت ہے۔