وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے بہت سے مسائل جنم لیتے ہیں، ملک میں سب سے بڑا مسئلہ آبادی کا بڑھنا ہے۔
وفاقی وزیرِ آبی وسائل خورشید شاہ نے واٹر سیمینار سے خطاب کے دوران کہا کہ آنے والے وقت میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہو گا، کچھ برسوں میں ہماری آبادی 30 کروڑ ہو جائے گی، پانی بھی مہیا کرنا ہو گا، اس وقت سارا مسئلہ ڈیم کا ہے جو ہمیں وقت پر بنانے چاہیے تھے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پانی کو محفوظ رکھنے کے لیے ڈیمز ناگزیر ہیں، لوگوں کو پانی کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے ڈیمز بنے نہیں، اس مسئلے پر سنجیدگی سے فوری توجہ دینا ہوگی، ہمیں وقت پر ڈیم بنانے چاہیے تھے، مگر ہم نے پانی کو ذخیرہ نہیں کیا۔
خورشید شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ 50 فیصد پانی زیرِ زمین پایا جاتا ہے، ہمیں پانی کے مسائل کو حل کرنا ہو گا، حکومت کو اس پر توجہ دینا ہو گی۔