پڑوسی ملک بھارت میں منکی پاکس کا چوتھا کیس سامنے آ گیا، متاثرہ مریض نے کوئی غیر ملکی سفر نہیں کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مرکزی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے غیر ملکی سفر نہیں کیا لیکن اس کے باوجود بھی اُس شخص کا منکی پاکس وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
بھارت میں منکی پاکس وائرس کا یہ چوتھا تصدیق شدہ کیس ہے۔
رپورٹ کے مطابق 31 سالہ شخص نے حال ہی میں ہماچل پردیش کے علاقے منالی میں ایک پارٹی میں شرکت کی تھی، اُس شخص کو 3 دن قبل منکی پاکس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
متاثرہ شخص کے نمونے گزشتہ روز پونا کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی (NIV) کو بھیجے گئے جو مثبت آئے۔
اس سے قبل کیرالہ سے منکی پاکس کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ڈبلیو ایچ او نے منکی پاکس کو بین الاقوامی تشویش کی عالمی صحتِ عامہ کی ایمرجنسی قرار دے دیا ہے۔