پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ خیبر پختون خوا اسمبلی آصف خان نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔
ایم پی اے آصف خان گن مینوں کے ہمراہ لیڈی ریڈنگ اسپتال آ گئے، وہ نگہداشت کے وارڈ میں بھی گن مینوں کے ہمراہ گئے۔
ترجمان اسپتال محمد عاصم کا کہنا ہے کہ ایل ار ایچ اور خصوصاً نگہداشت کے وارڈ میں اسلحہ لے جانا منع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سب کے باوجود متعلقہ ایم پی اے کے ساتھ تعاون کیا اور ان کے خلاف کارروائی نہیں کی۔
وزیرِ صحت خیبر پختون خوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ رکنِ اسمبلی کا گن مین عیادت کے وقت ویڈیو بنا رہا تھا جو پالیسی کے خلاف ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے یہ بھی کہا ہے کہ گن مین نے آئی سی یو میں ٹیکنیشن اور ڈاکٹروں کو دھکے بھی دیے۔
پی ٹی آئی کے ایم پی اے آصف خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مریض کی عیادت کے لیے آیا تھا کہ آئی سی یو کے ٹیکنیشن نے میرے ساتھ بدتمیزی کی۔
آصف خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ محکمۂ صحت کو ٹوئٹس کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، صوبائی وزیر کو اس سے متعلق آگاہ بھی کیا لیکن کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔