• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں گاڑیوں کی غیر قانونی نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کراچی اور صوبے کے تمام اضلاع میں مختلف گاڑیوں کی غیر قانونی نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے گاڑیوں پر غیر قانونی بلیو، گرین یا دیگر رنگوں کی نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف صوبائی سطح پر مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ کی شاہراہوں اور ہائی ویز پر رواں دواں نجی ملکیت کی گاڑیوں پر نصب بلیو، گرین نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ یہ عمل قانون سے تجاوز کے زمرے میں آتا ہے، پرائیوٹ گاڑیوں پر بلیو اور گرین نمبر پلیٹس کا استعمال سراسر غیر قانونی اور ماورائے قانون ہے۔

غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ اس قسم کے رجحان کے سدباب اور حوصلہ شکنی کے لیے ایف آئی آرز کے اندراج سمیت تمام تر ضروری قانونی کارروائی اشد ضروری ہے، تمام ڈی آئی جی، ضلعی ایس ایس پیز اور ٹریفک پولیس غیر قانونی بلیو اور گرین نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف فی الفور ایک ٹھوس اور مربوط مہم کا آغاز کریں۔

انہوں نے حکم دیا ہے کہ حکام کارروائیوں پر مشتمل تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر سینٹرل پولیس آفس کو ارسال کریں۔

آئی جی سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر قانونی عمل میں ملوث یا مرتکب ٹھہرائے جانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے، مذکورہ مہم اگلے 3 ماہ تک جاری رہے گی۔

قومی خبریں سے مزید