سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مداخلت سافٹ ہو یا ہارڈ اکتوبر نومبر میں الیکشن ہو جائیں گے، ورنہ سب گھر جائیں گے۔
شیخ رشید نے اپنے نئے بیان میں حکمراں اتحاد کی جانب سپریم کورٹ آف پاکستان سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے کیس میں فل کورٹ بنائے جانے کے مطالبے پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تمام غیر متعلقہ افراد فل کورٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں، معاملہ ڈپٹی اسپیکر اور سپریم کورٹ کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ ڈپٹی اسپیکر سے پوچھ رہی ہے کس فیصلے کا حوالہ دیا۔
واضح رہے کہ حکمراں اتحاد کی جانب سپریم کورٹ آف پاکستان سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے کیس میں فل کورٹ بنائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ن ليگ، پیپلز پارٹی، جے یو آئی ایف، ایم کیو ایم، اے این پی، بی این پی، بلوچستان عوامی پارٹی اور وفاق میں شامل اتحاد کی دیگر جماعتوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے کیس پر سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے، فل کورٹ بنایا جائے۔