پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما فرحت اللّٰہ بابر نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو ججز تقرریوں، پروموشنز کے حوالے سے سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنے کی تجویز دے دی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فرحت اللّٰہ بابر نے پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے پی ڈی ایم کو مخاطب کرتے ہوئے تحریر کیا کہ "اگر آپ واقعی ملک میں طاقت میں توازن کو بحال کرنے کے لیے فکرمند ہیں تو آرٹیکل 191 کو پڑھیں اور فیصلہ کن عمل کریں ورنہ بڑبڑانہ بند کریں۔"
فرحت اللّٰہ بابر کے اس پیغام کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ری ٹوئٹ بھی کیا۔
اپنے مزید ٹوئٹس میں فرحت اللّٰہ بابر کا کہنا تھا کہ ججز کی نامزدگیوں، ترقیوں کا موجودہ نظام عدلیہ کو صرف ججز کے لیے اور ان کے تابع بناتا ہے، اس تاثر کو مستحکم نہیں ہونے دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے بیان کا مقصد کسی کی تذلیل کرنا نہیں ہے، جسٹس فائز عیسیٰ کا حالیہ خط بھی اس حوالے سے ایک اپیل ہے۔
فرحت اللّٰہ بابر کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم میں ججز کی تقرریوں کا طریقہ کار وضع نہ کرنا پارلیمان کی غلطی تھی جبکہ 19ویں ترمیم میں عدالتوں کے احتساب کو مزید کمزور بنانا بھی پارلیمان کی غلطی تھی۔
پی پی رہنما نے کہا کہ گزشتہ 12 سال کا تجربہ ظاہر کرتا ہے کہ ججز کی تقرری کے طریقہ کار میں ترمیم کی ضرورت ہے۔
فرحت اللّٰہ بابر کا کہنا تھا کہ باہمی لڑائی کی بیماری صرف پارلیمان اور سیاستدانوں تک محدود نہیں دیگر اداروں تک پھیل گئی ہے، معاشرے اور ادارے تقسیم کا شکار ہو رہے ہیں، افسوس سے زیادہ یہ خطرناک امر ہے۔