پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان صرف ایک لاڈلے کے لیے نہیں بنا ہے، کوئی ہمارا باپ بننے کی کوشش نہ کرے، ہم اداروں کا احترام کرنا چاہتے ہیں، انتہائی ادب کے ساتھ درخواست ہے کہ اپنا نام جسٹس منیر اور جسٹس ثاقب کے ساتھ مت لکھواؤ۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ صرف تین جج ہیں جو کہ اس کا کیس سنتے ہیں، جب ہم نے کہا کہ فل کورٹ بناؤ تو نہیں بلایا گیا، کہا جج چھٹی پر ہیں، اگر آپ کو سیاست کرنی ہے تو اداروں کو مت استعمال کرو، استعفیٰ دو اور سیاست کے میدان میں آجاؤ، آجاؤ میدان میں تمہیں اپنی قیمت کا پتہ چل جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بین الاقوامی منصوبے کے تحت پاکستان کو دیوالیہ کی طرف دھکیلا گیا ہے، عمران خان نے نئی نسل کو گالی گلوچ کے علاوہ کوئی درس نہیں دیا۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پاکستان کو سازش کے تحت بحرانوں، معاشی مشکلات کی طرف دھکیلا گیا ہے، پی ڈی ایم کی جماعتوں کا اتحاد اس لیے ہوا کہ اس فتنے سے پاکستان کو بچا سکیں۔