بھارت 2025 تک تمام ’مگ-21‘ لڑاکا طیارے گراؤنڈ کر دے گا، بھارتی اخبار نے بھارتی فضائیہ کے حکام کے حوالے سے مگ 21 کو گراؤنڈ کرنے کی رپورٹ شائع کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مگ-21 کا پہلا اسکواڈرن ستمبر میں ریٹائر کیا جائے گا، گراؤنڈ کرنے سے پہلے جدید طیاروں کی تعیناتی ضروری ہوگی۔
بھارتی فضائیہ کے پاس اس وقت تقریباً 70 مگ-21 طیارے موجود ہیں۔
بھارتی فضائیہ حالیہ سالوں میں مغربی ساختہ طیاروں کی خریداری میں مصروف رہی ہے۔
بھارت کی وزارت دفاع کے حکام نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں بھارتی اخبار کی مگ-21 کو گراؤنڈ کرنے کی رپورٹ کی تصدیق یا تردید سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مگ-21 کے مستقبل کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
ترجمان بھارتی وزارت دفاع نے مگ-21 گراؤنڈ کرنے کی بھارتی اخبار کی رپورٹ پر خبر ایجنسی کو ردعمل دینے سےگریز کیا ہے۔
بھارت میں دو دن قبل مگ-21 گر کر تباہ ہوا تھا جس میں موجود دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ فروری 2019 میں پاک بھارت فضائی معرکے میں پاکستان ایئرفورس (پی اے ایف) کے ہوابازوں نے بھارتی ایئر فورس (آئی اے ایف) کا مگ-21 طیارہ مار گرایا تھا جس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار بھی کرلیا گیا تھا۔
اسی طرح 1999 کی کارگل جنگ میں بھی پاکستانی فورسز نے بھارت کا مگ-21 طیارہ مار گرایا تھا۔
دوسری جانب 1971 سے اب تک بھارتی فضائیہ کے 400 سے زائد مگ-21 طیارے گر کر تباہ ہوچکے ہیں۔