پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف ملک کا حصہ ہیں اگر وہ کسی سے بات کرتے ہیں تو ملک کے لیے کرتے ہیں، میرا نہیں خیال کہ ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے اگر امریکی نمائندے سے بات ہوئی ہے تو کوئی مضائقہ نہیں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جہاں بھی آپ کا اثر ہوتا ہے آپ اس اثر کو استعمال کرتے ہیں، آرمی چیف، وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک حکومت پاکستان کا حصہ ہیں، جب مشکل حالات ہوتے ہیں تو سب اپنا حصہ ڈالتے ہیں اور حالات بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت میں جانے کا فیصلہ درست تھا، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، آج ملک الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا، حکومت نہیں لیتے تو ملک چند ہفتوں میں دیوالیہ ہو جاتا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جو مفتاح اسماعیل کرتے ہیں وہ حکومت پاکستان کا فیصلہ ہوتا ہے، مفتاح اسماعیل بہترین کام کر رہے ہیں، مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات کروانے کے حوالے سے کسی دباؤ کا مجھے علم نہیں، پاکستان اکتوبر یا دسمبر میں الیکشن کا متحمل نہیں، ہمیں اکتوبر میں الیکشن کروانے کا نہیں کہا گیا ہے۔