بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے اپنے شو ’کون بنے کروڑ پتی‘ میں سپر اسٹار عامر خان سے اس وقت چھیڑ چھاڑ کی جب وہ آئندہ آنے والے گیم شو کی پہلی قسط میں شریک ہوئے۔
ایک بھارتی ٹیلی ویژن چینل نے انسٹاگرام پر اس حوالے سے ایک نیا پرومو شیئر کیا گیا جس میں عامر خان پروگرام کے میزبان امیتابھ بچن کے سامنے بیٹھے ہیں۔
امیتابھ اپنے پروگرام کی پروموشن کے بارے میں مسٹر پرفیکشنسٹ سے کہتے ہیں، جس پر وہ جواب دیتے ہیں کہ امیت جی لیکن مجھ سے کچھ ٹوئٹ ہوتا نہیں ہے، پتہ نہیں کیا بات ہے، جس کے بعد عامر خان اپنا چہرہ دوسری جانب کرکے ہنستے ہیں۔
امیتابھ بچن کے مسکرانے پر عامر خان اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ میرے جتنے دوست یار ہیں ان کی جب فلمیں لگتی تھیں تو میں ٹوئٹر پر سب کی فلمیں پروموٹ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرتا تھا۔
جس پر امیتابھ پوچھتے ہیں، اتنے فلم کا آپ پرچار کرتے ہیں، ہمارے کے بی سی کا پرچار نہیں کرتے آپ؟
اس بات پر عامر خان کچھ شرمندہ سے ہوجاتے ہیں اور جواب دیتے ہیں کہ کے بی سی کو پرچار کی کیا ضرورت ہے؟ جس پر امیتابھ زور قہقہہ لگاکر تالیاں بجاتے ہیں ۔
واضح رہے کہ کے بی سی کی یہ قسط 7 اگست کو آن ایئر ہوگی۔