• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمشنر نے فارن فنڈڈ کہہ کر ہماری توہین کی ہے، عمران خان



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشنر نے ہمیں فارن فنڈڈ کہہ کر ہماری توہین کی ہے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ جیسی احمقانہ رپورٹ نہیں دیکھی، الیکشن کمیشن نے دو رپورٹیں بنائیں، ایک رپورٹ کسی کی فرمائش پر شامل کی، جس میں کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈڈ ہے، الیکشن کمیشن حکومت کے ساتھ سازش میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، زرداری الیکشن میں ہار کے ڈر سے انتخابات کا اعلان  نہیں کر رہے، یہ ملک نہیں، صرف اپنی دولت بچانے کا سوچ رہے ہیں، ہم الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، سب سیٹوں پر الکشن کروائے جائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ فیصلہ کرنا ہے آرمی چیف کون بنے گا، یا یہ کہ ملک کو دلدل سے کیسے نکالنا ہے؟ فوج نیشنل سیکیورٹی کا بہت بڑا حصہ ہے، پاکستان کی پوزیشن گزرتے دن کے ساتھ نیچے جا رہی ہے، الیکشن کی تاریخ دے دیں تو ہم ہر قسم کی بات کرنے کو تیار ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ  الیکشن کمشنر کی سلیکشن پر لوگوں نے شور مچایا کہ یہ ن لیگ کا آدمی ہے، الیکشن کمیشن ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ سامنے نہیں لا رہا، ہم الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کمیشن میں جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے سامنے پر امن احتجاج کریں گے، ریڈ زون میں نہیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی اور ن لیگ نے بڑے بڑے سیٹھ پالے ہوئے ہیں جن سے وہ پیسے لیتے ہیں، یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ الیکشن میں پیسہ استعمال ہوا، ملک کو اس دلدل سے نکالنا ہے تو فوری الیکشن ضروری ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ان لوگوں کو سزائیں ملنی تھی، انہی کو سازش کے تحت ہمارے اوپر بٹھا دیا، آج ان کی وجہ سے ہماری نیشنل سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہے۔ اکنامک سیکیورٹی متاثر ہوگی تو نیشنل سیکیورٹی بھی متاثر ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ میرا نام ای سی ایل میں ڈالا تو ان کا شکریہ ادا کروں گا، میں باہر جانا ہی نہیں چاہتا، میرے بیرون ملک فلیٹ ہیں نہ جائیدادیں، کیا نیوٹرلز کو نظر نہیں آرہا کہ ملک میں کیا ہورہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں دونوں جماعتوں نے بہت غلط فیصلے کیے ہیں، دونوں جماعتوں نے نیب کا ہیڈ رکھ کر ملک کو لوٹا، نگراں حکومت کیلئے یہ دونوں آپس میں فیصلہ کر لیتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن کمشنر کے نام پر ڈیڈ لاک ہوا تو نیوٹرل نے ہمیں اپروچ کیا، نیوٹرل نے کہا کہ ہم آپ کو ایسا امیدوار دیتے ہیں جس پر دونوں اعتراض نہیں کریں گے، الیکشن کمشنر کا نام نیوٹرل نے دیا تھا، میں سکندر سلطان کو نہیں جانتا تھا، میں نے کہا کہ ڈیڈ لاک ہوا ہے، آپ نام دے رہے ہیں تو ٹھیک ہے،  سکندر سلطان کا نام آیا تو لوگوں نے شور مچادیا کہ یہ ن لیگ کے گھر کا آدمی ہے،  میں نے نیوٹرل کو بتایا کہ آپ نے کہا تھا کہ یہ نیوٹرل آدمی ہے، نیوٹرل نے کہا ہم گارنٹی لیتے ہیں یہ نیوٹرل رہے گا۔

 عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نے اتنی بڑی حماقت کی یہ بات مان کر سکندر سلطان کو رکھ لیا، الیکشن کمشنر نے پہلے دن سے ہمارے خلاف فیصلے دیے، الیکشن کمشنر نےہمارے خلاف 8 فیصلے دیے، عدالت نے انہیں اوور رول کردیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے دھاندلی کرنا مشکل ہوجاتا ہے، ای وی ایم سے دھاندلی کے 130 طریقے ختم ہوجاتے ہیں، الیکٹرونک ووٹنگ مشین کو الیکشن کمشنر نے نہیں آنے دیا، الیکشن کمشنر نے ایجنڈےکےتحت ای وی ایم نہیں آنے دی، 2پارٹیوں کا ساتھ دیا، الیکشن کمیشن کا ایک آدمی دو جگہ سے تنخواہ لے رہا ہے، الیکشن کمیشن کا سندھ کا ممبر سندھ حکومت سے بھی تنخواہ لے رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 2012 میں ہماری پارٹی کو دو غیر ملکی حکومتوں نے پیسے کی آفر کی، شاہ محمود گواہ ہے جب ایک غیر ملکی حکومت نے مجھے پیسے کی آفر کی، غیر ملکی حکومت نے کہا کہ ہم پہلے فلاں پارٹی کو پیسے دیتے تھے، اب آپ کو دیں گے، میں نے کہا یہ غیر آئینی و غیر قانونی ہے، جب ہم حکومت میں آئیں تو آپ سرمایہ کاری کریں، جنرل پاشا نے پارلیمنٹ میں کہا کہ فضل الرحمان کے پاس لیبیا سے پیسے آتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید