پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ 5 اگست کے بھارتی اقدام نے اہل کشمیر کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونکی۔
کشمیر پر مرکزی سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کا یوم استحصال کے موقع پر پیغام میں کہنا ہے کہ 5 اگست 2019ء کو فسطائی مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کی، 5 اگست کا بھارتی اقدام اقوام عالم خصوصاً عالمی انصاف کے پہرہ داروں کے لیے ایک امتحان تھا۔
اسدعمر نے کہا ہے کہ بدترین ریاستی جبر کا سامنا کرنے والے غیرت مند کشمیریوں نے بھارت سرکار کی آئینی یلغار کو بھی مسترد کیا۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے دورِ حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بطور سفیر کشمیر عمران خان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا، عمران خان کی کاوشوں سے مسئلہ کشمیر کی ٹھوس بازگشت او آئی سی میں بھی سنائی دی۔