کرشمہ کپور کی میک اپ کے بغیر سیلفی نے مداحوں کو حیران کردیا، ایک نے تبصرے میں اداکارہ کی فلم کے گانےکے بول ’بھولی سی صورت‘ بطور تعریف لکھ دیے۔
بھارت کی مشہور شوبز فیملی کپور خاندان سے تعلق رکھنے والی کرشمہ کپور 90 اور اُس کے بعد کی دہائی میں کامیاب اداکارہ رہیں، مداحوں نے انہیں زیادہ تر میک اپ کے ساتھ دیکھا ہے۔
اداکارہ نے اپنے انسٹا گرام پر اپنی بغیر میک اپ کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں چہرے پر چمک صاف عیاں ہے، جسے دیکھ کر مداح پہلے حیران ہوئے اور پھر دیوانے بن گئے۔
کرشمہ کپور کی تازہ تصویر پر مداحوں نے دلچسپ تبصرے کیے ایک نے لکھا کہ یقین نہیں آرہا کہ آپ 48 برس کی ہیں۔
اپنی تصویر کے ساتھ کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ موڈ قدرتی ہے، یعنی جیسی ہوں ویسی تصویر میں نظر آرہی ہوں۔
بھارتی ریئلیٹی شو کی اداکارہ شیبانی ڈانڈیکر نے تصویر پر تبصرے کے لیے لفظ خوبصورتی کا استعمال کیا تو کرشمہ کے ایک مداح نے لکھا ’او میرے خدا، یہ 48 سال کی ہے۔ بہت ہی خوبصورت‘۔
ایک اور مداح نے کرشمہ کی تعریف کے لیے’قدرتی خوبصورتی‘ اور ’خوبصورتی جو وقت سے ماورا‘جیسے الفاظ استعمال کیے۔
اُن کے ایک مداح نے تو اُن کی فلم دل تو پاگل ہے کے شہرہ آفاق گانے ’بھولی سی صورت، آنکھوں میں مستی، دور کھڑی شرمائے‘ کی لائن لکھی۔
کرشمہ کپور جو رندھیر کپور کی بڑی صاحبزادی ہیں، نے 1991 میں فلم پریم قیدی سے بالی ووڈ میں قدم رکھا، اگلے برس اُنہوں نے فلم نشچے میں سلمان خان کے ساتھ کام کیا۔
ان کی ہٹ فلموں میں جگر، اناڑی، راجا بابو، کلی نمبر1، ساجن چلے سسرال، جیت، راجا ہندوستانی شامل ہیں، انہوں نے کئی ایوارڈز بھی اس دوران اپنے نام کیے۔