• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری موجودگی پاک برطانیہ گہرے تعلقات کی گواہی دیتی ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے رائل ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری موجودگی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے تعلقات کی گواہی دیتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانیہ کے رائل ملٹری اکیڈمی 213 ریگولر کمیشننگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک برطانیہ تعلقات کو دونوں ممالک نے کئی دہائیوں میں پروان چڑھایا ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری ہمارے تاریخی تعلقات کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ مجھے یقین ہے یہ رشتہ آنے والے وقت میں مزید بلندیوں تک جائے گا۔

انہوں نے تمام کیڈٹس کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شامل نوجوانوں پر اتنا ہی فخر ہے جتنا دو پاکستانی کیڈٹس پر ہے۔

جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ میرے لیے سینڈہرسٹ میں پریڈ میں شرکت کرنا منفرد اور بڑا اعزاز ہے، تمام پاس آؤٹ کیڈٹس اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق رائل ملٹری اکیڈمی سے 26 ممالک کے 41 غیر ملکی کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے جن میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے دو کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

قومی خبریں سے مزید