مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے کچھ لوگوں کی انا ملک و قوم سے بھی بڑی ہوچکی ہے۔
یوم آزادی پر اپنے خصوصی پیغام میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ آج ہر ادارے اور طبقے کو عہد کرنا ہوگا کہ ذاتی سیاست پر ریاست کو فوقیت دے۔
ان کا کہنا تھا کہ 14 اگست تقاضہ کرتا ہے کہ ہم اپنی انا، تکبر، ہٹ دھرمی چھوڑ کر سیاست پر ریاست کو اہمیت دیں۔
انہوں نے کہا کہ نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے افواج پاکستان کا بہت بڑا کردار ہے۔
سربراہ مسلم لیگ (ق) نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے لئے افواج پاکستان کے کام میں ہمیں ان کا ہاتھ بٹانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو اندرونی، بیرونی، نظریاتی، جغرافیائی محاذ پر مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اسی وقت درست ہوگی جب ہم ثابت قدم ہوں گے، سیاسی اور ذاتی لڑائیوں میں اداروں کو گھسیٹنے سے گریز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جو ذاتی فائدے کے لئے منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں۔