مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس نواز شریف اور آصف زرداری کے لیے زیادہ بڑا خطرہ ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں ن لیگ کے محسن شاہنواز رانجھا اور کامل علی آغا نے خیالات کا اظہار کیا۔
کامل علی آغا نے کہا کہ توشہ خانہ کیس عمران خان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، نواز شریف اور آصف علی زرداری کے لیے اس سے بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے تو ہر بار توشہ خانہ کو انجوائے کیا ہے۔
اس موقع پر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان نیازی نے توشہ خانہ سے 21 کروڑ روپے کی چیزیں لیں اور گوشواروں میں ظاہر نہیں کیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ قانون میں ہے جو تحفہ لیا ہے وہ ظاہر کرنا ہے، انہوں نے تحفہ ظاہر نہیں کیا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ریکارڈ نہ دینے کی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے ریکارڈ میں تحائف ظاہر ہی نہیں کیے، عمران خان نے تو 10 کروڑ کی گھڑی 5 کروڑمیں فروخت کردی۔
سینیٹر کامل علی آغا نے پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی نے برے سے برے حالات میں بھی اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل صوبائی حکومت میں آتی ہے، شہباز گل کو راولپنڈی کےاسپتال بھیجناچاہیے، جیل کسٹڈی میں بغیر اجازت ملزم سے تفتیش نہیں کی جاسکتی۔