پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ امریکی سفیر صوبوں کی حکومتوں سے ملتے ہیں، اس میں کوئی مسئلہ نہیں، حساس ایریا پر کس معاہدے کے تحت امریکی سفیر جا کر دورہ کرتے ہیں؟
شیریں مزاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سفیر دوسرے ممالک کے حساس علاقوں میں نہیں جاسکتا، ہماری حکومت میں وزیراعظم سے کوئی سفیر نہیں ملتا تھا، ایک پروٹوکول ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دیں پھر کوئی بات چیت ہوگی، 4 مہینے میں جو پاکستان کا حشر کردیا ہے وہ ساڑھے 3 سال میں نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے زیر حراست پی ٹی آئی رہنما شہبازگِل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریمارکس لینڈ لائن پر دیے پھرفون کیوں چاہیے؟
شیریں مزاری نے کہا کہ کل، پرسوں بھی کوشش کی گئی کہ شہبازگِل کو اڈیالہ سے نکال کر پمز لا کر تشدد کیا جائے، رانا ثنا اللّٰہ کچھ عقل کرو، آپ کی ساری عمر غنڈا گردی میں گزری ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ اگر شہباز گِل نے قانون کے خلاف ورزی کی ہے تو ان پر کیس کریں، ایک شخص کو اٹھا کر نامعلوم جگہ پر رکھ کر تشدد نہیں کرسکتے، شہبازگِل کے جسم پر تشدد کے نشان ہیں، انہیں پانی نہیں ملا، سونے نہیں دیا گیا۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ شہباز گِل کے ڈرائیور کی اہلیہ کا کیا قصور ہے؟رانا ثنا اللّٰہ ہم آپ سےڈرنے والے نہیں، ہم انصاف کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے پی ٹی آئی کا تمام ریکارڈ کس حیثیت سے مانگ رہا ہے؟
انہوں نے پیڑولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز رو رہی ہیں کہ ہم نہیں مانتے، میرا ڈیڈی نہیں مانتا، ڈیڈی پاکستان آئے، جیل کاٹے، اپنے بھائی کو ہٹائے، وہ کیوں نہیں آ رہے،کس نے روکا ہے؟