مسلم لیگ (ق) سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف ملک کو درست سمت میں آگے لےکر چل رہے ہیں۔
پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو پکڑ دھکڑ کی سیاست کے بجائے معیشت کی بحالی میں دلچسپی ہے، ہمیں سیاست کا نہیں معیشت کا سوچنا چاہیے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ معیشت کی بحالی اس وقت سب کا پہلا ایجنڈا ہونا چاہیے، مہنگائی اور غربت ختم ہوگی تو ملک ترقی کرے گا۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ کا اجلاس طارق حسن کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کی متعدد قراردادیں منظور کی گئیں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ گوادر ایئرپورٹ اگلے سال جولائی میں آپریشنل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ گوارد ایئرپورٹ کی تکمیل میں روڑے اٹکائے گئے، نوٹس بھیجے گئے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت شمسی توانائی پر ستمبر میں جامع پالیسی لے کر آ رہی ہے۔
چوہدری شافع حسین نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت کے بارے میں جو بے ہودہ باتیں کی گئیں ان کی کوئی حیثیت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل حالات میں ساتھ کھڑے ہونے والوں کی ہمیشہ قدر کریں گے۔