• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی فعال کرنے کا کام شروع

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کو فعال کرنے کا کام شروع کر دیا گیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے قانونی و انتظامی رکاوٹیں دور کرنے کیلئے پندرہ دن کی ڈیڈ لائن دیدی۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایڈمن قراۃ العین ملک اور ڈائریکٹر فنانس کیپٹن علی شیر کو فوڈ اتھارٹی فعال کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ پندرہ روز میں قانونی عمل مکمل کر کے بھرتیاں شروع کی جائیں نیز فوڈ اتھارٹی بورڈ کی تشکیل، بجٹ کی تیاری اور ہیومن ریسورس کی بھی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ خوراک ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے، محفوظ خوراک متعدد بیماریوں سے بچاتی ہے۔ فوڈ انڈسٹری کو سائنسی بنیادوں پر چلانے کیلئے فوڈ اتھارٹی جیسے ادارے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ چیف کمشنر نے مزید کہا کہ بطور سابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اس ادارے کی اہمیت اور کام کے طریقے سے بخوبی واقف ہیں، اسلام آباد کے رہائشیوں کو بہترین اور معیاری خوراک کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہوگی۔
اسلام آباد سے مزید