• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں سب انسپکٹر نذیر احمد نے پولنگ اسٹیشن نمبر 129 خداداد کالونی میں میڈیا کو کوریج سے روک دیا۔

سب انسپکٹر نذیر احمد کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ہمارے پاس میڈیا کو کوریج کی اجازت دینے کا کوئی لیٹر نہیں ہے۔

سب انسپکٹر نے الیکشن کمیشن کا اجازت نامہ ماننے سے بھی انکار کر دیا۔

میڈیا کو کوریج کی اجازت ہے: ڈی آر او

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ڈی آر او علی اصغر سیال کا کہنا ہے کہ این اے 245 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں میڈیا کو پولنگ اسٹیشن پر کوریج کی اجازت ہے۔

یہ بات ڈی آر او علی اصغر سیال نے پولنگ اسٹیشن نمبر 23 اور 25 پی ای سی ایچ ایس بلاک 3 کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کمیشن کا عملہ بروقت موجود تھا، جہاں پولنگ ایجنٹس نہیں پہنچے وہاں سیکیورٹی انچارج کے سامنے باکس سِیل کیے جاتے ہیں۔

ڈی آر او علی اصغر سیال نے یہ بھی بتایا ہے کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 25 پر اب تک ایک ووٹ کاسٹ ہوا ہے۔

این اے 245 میں 15 امیدوار مدِ مقابل

کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں 15 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

یہ نشست پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔

حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے معید انور اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمود مولوی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔

پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کے حق میں دست بردار ہو چکے ہیں۔

اس حلقے میں ڈاکٹر فاروق ستار آزاد امیدوار کے طور پر مقابلے میں موجود ہیں۔

تحریکِ لبیک کے محمد احمد رضا، پاک سر زمین پارٹی کے سید حفیظ الدین اور مہاجر قومی موومنٹ کے محمد شاہد بھی امیدوار ہیں۔

پی ای سی ایچ ایس، طارق روڈ، پی آئی بی کالونی، لائنز ایریا اور دیگر علاقوں کے لوگ آج اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید